نیویارک :وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کے ساتھ ٹیلیفون پر رابطہ ،بلال بھٹو نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان وسیع البنیاد اور پائیدار روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رابطے کے دوران سینیٹر گراہم نے وزیر خارجہ کو سینیٹ کے ارکان سے تفصیلی بات چیت کے لیے واشنگٹن ڈی سی کے دورے کی دعوت دی، بلاول بھٹو سینیٹر لنڈسے گراہم کی دورے کی دعوت قبول کر لی۔
دونوں رہنماوں نے پاکستان امریکہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا،وزیر خارجہ نے امریکی سرمایہ کاروں کے لیے خاص طور پر ٹیکنالوجی، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں پاکستان کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔
سینیٹر گراہم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوطرفہ تعلقات کی توثیق کی اور وزیر خارجہ کو خاص طور پر اقتصادی میدان میں شراکت کو بڑھانے کے لیے اپنی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔
واضح رہے سینیٹر گراہم سینیٹ کی بجٹ کمیٹی کے ممبر ہیں ،سینیٹر گراہم سینیٹ کی تخصیصات، عدلیہ، اور ماحولیات اور پبلک ورکس کمیٹیوں میں کام کرتے ہیں۔