اسلام آباد:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا حقیقی آزادی کیلئے اسلام آباد کی کال کل ملتان میں ہونے والے جلسے میں دونگا کیونکہ ہم حقیقی آزادی کیلئے صاف شفاف الیکشن چاہتے ہیں ،اسلام آباد مارچ کا مقصد حقیقی آزادی ہے ۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کےپی ہاؤس اسلام آباد میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا منزل ہماری قریب ہے ہم الیکشن چاہتے ہیں لیکن امپورٹڈ حکومت نہیں چاہتے ،انسانوں کا سمندر اسلام آباد میں آنے کیلئے تیار ہے ،یہ پاکستان نہیں بلکہ برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی اجتما ع ہو گا ۔
عمران خان کا کہنا تھا میری کال پر پوری قوم نے اسلام آباد میں پہنچنا ہے کیونکہ یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے ،ہم دوسروں کی ڈکٹیشن نہیں لینا چاہتے ،ہمیں کہا جاتا ہے کہ روس سے تیل اور سستے داموں گندم نہ خریدو ،کہیں پاکستانی عوام کا بھلا نہ ہو جائے ،لیکن اب ہم آزادی کیلئے اسلام آباد کی طرف نکل رہے ہیں چاہتے ہیں جلد از جلد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے ،الیکشن کی تاریخ دینے تک لاکھوں لوگوں کا سمندر اسلام آباد سے کہیں نہیں جائے گا ۔