لاہور: سابق وفاقی وزیر و سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ مونس الٰہی کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز خود پنجاب میں کابینہ نہیں چاہتے،وہ ایسی مرغی ہیں جو سارے انڈوں پر خود بیٹھنا چاہتی ہے، یہ پنجاب ہے حمزہ شہباز کا پولٹری فارم نہیں ۔
حمزہ شہباز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ق لیگ کے رہنما مونس الٰہی نے کہا کہ حمزہ شہباز تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتے ہیں، ہم پنجاب میں یہ ون مین شو نہیں چلنے دیں گے۔
مونس الٰہی نے مزید کہا کہ حمزہ شہباز ہوا میں انگلی لہراتے رہتے ہیں مگر صرف انگلی لہرانے سے حکومت نہیں چلا کرتی، سب محکموں سے میٹنگز اور کابینہ کی غیر موجودگی میں محکموں پر اپنی مرضی کے فیصلے ٹھونسنا اس کا ایک ثبوت ہے۔اگر وہ واقعی کابینہ کیلئے سنجیدہ ہوتے تو جیسے اپنا حلف سپیکر قومی اسمبلی سے اٹھا یا تھا وہ اپنی کابینہ کو بھی کسی اور سے اسی طرح حلف دلوا دیتے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد حمزہ شہباز وزارت اعلیٰ کی کرسی پر ایک سیکنڈ کیلئے بھی نہیں بیٹھ سکتے، حمزہ شہباز کا وزیراعلیٰ کے منصب پر رہنا بلا جواز اور غیر قانونی ہے۔