ویڈیو کیلئے مارگلہ ہلز پر آگ لگانے کا واقعہ، ٹک ٹاکر ڈولی کا ردِعمل آگیا

ویڈیو کیلئے مارگلہ ہلز پر آگ لگانے کا واقعہ، ٹک ٹاکر ڈولی کا ردِعمل آگیا

اسلام آباد:  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مارگلہ ہلز پر ویڈیو کیلئے  آگ لگانے والی ٹک ٹاکر خاتون ڈولی کیخلاف مقدمہ درج ہونے کے بعد ردِ عمل سامنے آگیا ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر ٹک ٹاکر خاتون ڈولی نے  ویڈیو کیلئے مارگلہ ہلز پر آگ  لگانے کے واقعے کو بے بنیاد اور پراپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

ڈولی نے الزامات کا جواب دینے کیلئے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس کے بارے میں بتاتے ہوئے  کہا کہ ہری پور میں اپنی میک اپ کی کلاس لینے کے بعد  واپس اسلام آباد جاتے ہوئے  موٹر وے پر یہ ویڈیو ریکارڈ کی جہاں پہلے ہی آگ لگی ہوئی تھی اور نہ ہی یہ جگہ مارگلہ ہلز ہے۔ٹک ٹاکر ڈولی نے مزید  کہا کہ ’آپ اس ویڈیو میں واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں کہ بل بورڈ اس جگہ کی نشاندہی کر رہا ہے جو موٹروے ہے نہ کہ نیشنل پارک کوہسار ہے۔ ویڈیو میں موجود شخص کو غور سے سنیں تاکہ آپ کو حقیقت کا پتہ چل جائے۔ مجھے انصاف کی امید ہے۔‘

 ویڈیو میں  ایک مقامی شخص بھی موجود ہے جس نے مذکورہ جگہ پر لگی آگ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم مختلف بیماریوں کو روکنے اور مختلف  جانوروں خصوصاً سانپ کو بھگانے کیلئے جھاڑیوں میں آگ لگاتے ہیں‘

واضح رہے کہ ٹک ٹاکر ڈولی کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ نے کارروائی کی تھی اور خاتون ٹک ٹاکر کیخلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا تھا۔

مصنف کے بارے میں