کیف: یوکرین کے دارالحکومت کیف میں تین ماہ کے بعد امریکی سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے کیف میں آج سے دوبارہ امریکی سفارتخانہ کھولنے کے ساتھ ایک بار پھر سفارتی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ یوکرینی عوام نے روس کے بلاجواز حملے کے جواب میں اپنے وطن کا دفاع کیا ہے اور اس کے نتیجے میں امریکی پرچم ایک بار پھر سفارتخانے کے اوپر لہرا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اس لیے سفارتکاروں کے تحفظ کے لیے اضافی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ نے یوکرین کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان کے ساتھ فخر سے کھڑے ہیں اوران کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ وہ روس کی جارحانہ جنگی حکمت عملی کیخلاف اپنے وطن کا دفاع کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد امریکہ نے اپنا سفارتخانہ کیف میں بند کر دیا تھا۔