لندن: مانچسٹر یونائیٹڈ کے فٹ بالر پال پوگبا نے اولڈ ٹریفورڈ سٹیڈیم میں فلسطین کا جھنڈا لہرا دیا اور اس لمحے کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ اور فل ہیم کے درمیان میچ ڈرا ہونے کے بعد میزبان ٹیم کے کھلاڑی پال پوگبا اور عماد نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فلسطینی جھنڈے کے ساتھ گراؤنڈ کا چکر لگایا جس پر گراؤنڈ میں موجود مداحوں کی جانب سے بھی ان کے اس اقدام کی بھرپور پذیرائی کی گئی۔
پال پوگبا مانچسٹر یونائیٹڈ کے مڈ فیلڈر کی حیثیت سے کھیلتے ہیں اور انہوں نے جب فلسطین کا جھنڈا اٹھایا تو ڈیلو نے بھی ان کے ساتھ پرچم کو تھاما اور ہزاروں شائقین کے سامنے اپنی ٹیم کے ساتھی کے ساتھ گراؤنڈ کا چکر لگایا۔
انگلش پریمیر لیگ کے فٹ بالرز کا فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل ہفتے کے روز ویمبلے میں چیلسی کے خلاف لیسٹر سٹی کی فاکس ’ایف اے کپ‘ کے فائنل میں فتح کے بعد لیسٹر سٹی کے کھلاڑی حمزہ چوہدری اور ویسلے فوفانا نے بھی فلسطینی پرچم لہرایا تھا۔
واضح رہے کہ حالیہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 219 فلسطینی شہید اور 1400 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جن میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جبکہ ہزاروں فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔