اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے کورونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان کر دیا گیا ہے اور 5 فیصد سے کم کیسز والے اضلاع میں مرحلہ وار اسکول کھولنےکی اجازت ہوگی۔
تفصیلات کے یہ فیصلہ اسلام آباد میں سربراہ این سی او سی اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق 24 مئی سے ایس او پیز کے ساتھ سیاحت کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے، ریسٹورنٹس اورہوٹلز میں آؤٹ ڈورڈائننگ رات 12 بجے تک کھولنےکا اعلان کیا گیا ہے، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز میں ٹیک اوےکی سہولت 24 گھنٹے کے لیےکردی گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق 5 فیصد سے کم کیسز والے اضلاع میں مرحلہ وار اسکول کھولنےکی اجازت ہوگی۔
اس کے علاوہ یکم جون سے ڈیڑھ سو افرادکےساتھ اوپن ائیر میرج ہال میں تقریبات کی اجازت ہوگی تاہم مزارات ، سنیما، ان ڈور ڈائننگ ، ان ڈور جم اور پارکس بدستور بند رہیں گے جب کہ ہفتہ اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق یکم جون سے کھولے جانے والے سیکٹرز کا جائزہ27 مئی کو لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ اتھارٹی (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کے موذی مرض میں مبتلا ہو کر مزید 104 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ پورے ملک میں تین ہزار دو سو چھپن نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں اموات میں حالیہ اضافے سے کورونا وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد انیس ہزار آٹح سو چھپن تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس مرض سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ لاکھ چھیاسی ہزار ایک سو چوراسی ہو چکی ہے۔
اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسوں کی تعداد چھیاسٹھ ہزار تین سو ستتر ہے جبکہ سات لاکھ ننانوے ہزار نو سو اکیاون افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔