پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز، ٹیموں کے قیام کیلئے یو اے ای میں 3 ہوٹل بک کرنے کا فیصلہ

05:13 PM, 19 May, 2021

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات( یو اے ای) میں کروانے کی اجازت مل چکی ہے اور اس دوران لیگ کی تمام ٹیموں کے کھلاڑی 3 ہوٹلوں میں قیام کریں گے اور ہر ایک ہوٹل میں 2 ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ٹھہرایا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پی ایس ایل فرنچائزز نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر بقیہ میچز یو اے ای میں کروانے پر اتفاق کیا اور اس مقصد کیلئے یو اے ای حکام سے اجازت طلب کی جس کی گزشتہ روز منظوری دیدی گئی۔ پی سی بی نے کراچی میں ایک مکمل ہوٹل بک کرانے کے فیصلے کے برعکس یو اے ای میں تین ہوٹلز بک کروانے کا فیصلہ کیا ہے اور ہر ایک ہوٹل میں دو، دو ٹیمیں قیام کریں گی۔ 
اگر کسی ٹیم میں کوئی کورونا کیس سامنے آیا تو صرف اسی ہوٹل کی 2 ٹیموں کو قرنطینہ کرنا پڑے گا جبکہ باقی چاروں ٹیمیں مصروف رہیں گی لیکن اگر تمام ٹیموں کو ایک ہی ہوٹل میں ٹھہرایا گیا تو کورونا کیس سامنے آنے کی صورت میں ایونٹ ہی روکنا پڑ جائے گا، ٹورنامنٹ کے دوران برطانوی کمپنی ریسٹراٹا بائیو سیکیور ببل اور پروٹوکول تیار کرے گی جبکہ کورونا وائرس کو کھلاڑیوں اور لیگ میں شریک افراد سے دور رکھا جا سکے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ جن ہوٹلز کو بک کرانے کے بارے میں سوچا جا رہا ہے وہ تینوں ریسٹراٹا کے منظور شدہ ہیں جبکہ اس کمپنی کو گزشتہ سال انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے کامیاب انعقاد کا تجربہ بھی حاصل ہے، گزشتہ دو سال سے پی ایس ایل کو مثبت کورونا کیسز کی وجہ سے روکنا پڑا اور بائیو سیکیور ببل بھی کامیاب نہیں رہا، جس کے باعث اس مرتبہ یہ ذمہ داری غیر ملکی کمپنی کو سونپی گئی ہے۔ 
ذرائع کے مطابق دبئی کے مقابلے میں ابوظہبی میں کورونا وائرس کے حوالے سے زیادہ سختی ہے اس لئے تمام میچز خالی میدان پر کھیلے جائیں گے،حکومت نے جولائی تک گرین لسٹ سے باہر موجود ممالک کے شہریوں پر10روزہ قرنطینہ لازمی قرار دیا ہے تاہم اس معاملے میں پی سی بی کو رعایت ملے گی یا نہیں؟ یہ کہنا بھی قبل از وقت ہو گا۔ 
اگر قرنطینہ کے حوالے سے کوئی رعایت نہ ملی تو ایونٹ کسی صورت بھی یکم جون سے شروع نہیں ہو سکے گا اور اس صورت میں بورڈ ایک دن میں 2 میچز کے انعقاد سے وقت بچانے کی کوشش کرے گا،قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کی وجہ سے پی ایس ایل کا فائنل 20 جون کو کرانا لازمی ہے، اس لئے کم دنوں میں تمام میچز مکمل کرنا ہوں گے۔

مزیدخبریں