عدم ثبوت پر کیپٹن صفدر کیخلاف انویسٹی گیشن بند کرنیکی منظوری

04:31 PM, 19 May, 2021

اسلام آباد: نیب نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف عدم ثبوت پر انویسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دے دی۔

چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس ہوا۔ جس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ اجلاس میں 3 نئے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں 9 نئی انکوائریوں کی بھی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ اجلاس میں 3 انویسٹیگیشنز کی بھی منظوری دی گئی۔

سابق سینئر رکن بورڈ آف ریونیو خیبر پختونخوا احسان اللہ محسود کے خلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی، ملزم پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام ہے۔

سابق ضلع ناظم اور سابق میئرکوئٹہ کے خلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی، ڈاکٹر کلیم اللہ سمیت دیگر ملزمان پر سرکاری زمین کم داموں لیز پر دینے کا الزام ہے۔

سابق وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میر محمد امین کے خلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف انوسٹیگیشن بند کرنے کی منظوری دی گئی، عدم ثبوت کی بنیاد پر قانون کے مطابق منظوری دی گئی۔

اس موقع پر چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب نے بڑی مچھلیوں کے خلاف اربوں روپے کے 1269 ریفرنسز عدالتوں میں دائر کیے ہیں، نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے اورکرپشن کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ یا فرد سے نہیں بلکہ صرف ریاست پاکستان سے ہے، نیب پربلاجواز تنقید کرنے والے عدالتوں میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر دائر ریفرنسز کا دفاع کریں۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب شوگر، آٹا اور رنگ روڈ اسیکنڈل، منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے گا، اختیارات کا ناجائز استعمال، آمدن سے زائد اثاثے، غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز اسکینڈلزکو بھی منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا، اس کے علاوہ مضاربہ اسکینڈل کے ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کیلئے کوشاں ہیں۔

مزیدخبریں