کراچی: اداکارہ منال خان نے انگوٹھی پہننے کے تین ماہ بعد آخر کار اداکار احسن محسن اکرام سے منگنی کر لی۔
دونوں نے رواں برس محبتوں کے عالمی دن (ویلنٹائنز ڈے) پر رومانوی تصاویر شیئر کی تھی جن میں سے ایک تصویر میں منال خان نے منگنی کی انگوٹھی بھی دکھائی تھی۔ اگرچہ اس وقت دونوں نے واضح طور پر نہیں بتایا تھا کہ دونوں نے منگنی کرلی یا پھر ابھی منگنی کا ارادہ کیا ہے، تاہم اداکارہ کی جانب سے انگوٹھی کی تصویر شیئر کیے جانے پر مداحوں نے انہیں منگنی کی مبارک باد پیش کی تھی۔
مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے تین ماہ قبل منگنی کی مبارک باد دیے جانے پر بھی دونوں نے کوئی وضاحت نہیں کی تھی اور اب دوبارہ انہوں نے رومانوی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ’بات پکی‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا ہے اور اس بار بھی انہوں نے واضح طور پر مداحوں کو نہیں بتایا کہ انہوں نے منگنی کی ہے یا شادی۔تاہم دونوں کی تصاویر کھینچنے والے فوٹوگرافر کی جانب سے ان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے منگنی کا ہیش ٹیگ استعمال کیا گیا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں نے باضابطہ طور پر اب منگنی کی ہے۔
View this post on Instagram
اداکارہ کی جانب سے تین ماہ قبل منگنی کی انگوٹھی دکھائے جانے اور اب ’بات پکی‘ کرنے کی تصدیق کرنے پر بعض مداحوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا، تاہم بعض نے ان سے فرمائش کی کہ اب جلدی سے شادی کی تصاویر بھی شیئر کردیں۔
منال خان اور احسن محسن اکرام نے 18 مئی کو ایک جیسی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ’بات پکی‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا، جس پر کئی شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔
View this post on Instagram
منال خان نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے احسن محسن کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمیشہ کے لیے، آپ میری محبت و زندگی ہیں، آپ سب سے بہترین اور آسان ہیں‘
ساتھ ہی انہوں نے ’بات پکی‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا اور ان کی پوسٹ پر کئی اداکاراؤں نے مبارک باد کے کمنٹس کیے، تاہم کسی بھی شوبز شخصیت نے ان کی منگنی یا شادی کا ذکر نہیں کیا۔
View this post on Instagram
اسی طرح احسن محسن اکرام نے بھی وہی تصاویر شیئر کرتے ہوئے منال خان کو ٹیگ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آخری سانس تک اداکارہ سے محبت کرتے رہیں گے۔