کوئی فاروڈ بلاک نہیں بنایا، پنجاب حکومت انتقامی کارروائیاں بند کرے: جہانگیر ترین  

09:59 AM, 19 May, 2021

لاہور: حکمران جماعت تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ہے کہ وہ اپنی جماعت کا حصہ تھے اور رہیں گے، میں نے کوئی فاروڈ بلاک نہیں بنایا، پنجاب حکومت میرے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی مکمل منی ٹریک دی دے ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی پالیسی کیخلاف ان کے ساتھیوں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ جمعہ کو پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران ان کے حامی موقف ایوان کے سامنے رکھیں گے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ پنجاب حکومت نے میرے گروپ کیخلاف انتقامی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ہمارے لوگوں پر دباؤ ڈالاجا رہا ہے جو وزیراعظم کی پالیسی نہیں ہے۔ گروپ کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کرکے پیار محبت کی بات کریں۔ ہم پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور حصہ رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے ایف آئی اے کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی تفتیش مکمل کرے۔ ہم نے اپنی مکمل منی ٹریل دے دی ہے۔ تینوں ایف آئی آر میں چینی کا کوئی الزام نہیں ہے۔ مجھے یقین ہے کہ عمران خان انصاف پسند آدمی ہیں، مجھے بھی انصاف دیں گے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ہمارا گروپ گزشتہ روز نہیں 3 ماہ پہلے سے بنا ہوا ہے۔ گروپ نے فیصلہ کیا ہے اب وہ اسمبلی میں آواز بلند کریں گے۔ ہم کوئی فارورڈ بلاک نہیں، پی ٹی آئی کا حصہ رہیں گے۔ تاثر دیا جارہا ہے کہ ہم پی ٹی آئی کو چھوڑ رہے ہیں جو درست نہیں ہے۔

خیال رہے کہ جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کو آج عدالتوں کی جانب سے دو ضمانتوں میں 31 مئی تک توسیع دیدی گئی ہے جبکہ ایف آئی اے سے کہا گیا کہ وہ اس دوران اپنی تفتیش کو مکمل کرے، مزید وقت نہیں دیا جائے گا۔

مزیدخبریں