لاہور: زوم اور گوگل میٹ جیسی ویڈیو کانفرنسنگ سروسز کے مقابلے میں ’مائیکروسافٹ ٹیمز ‘ کو عام افراد کیلئے متعارف کرادیا گیا ہے جس کے ذریعے 24 گھنٹے تک مفت ویڈیو کالز کی جا سکتی ہیں۔
مائیکرو سافٹ ٹیم کو ابتدائی طور پر کاروباری اداروں کیلئے متعارف کروایا گیا تھا مگر اب اسے حریف سروسز یعنی زوم اور گوگل میٹ کے مقابلے میں عام افراد کیلئے بھی پیش کر دیا گیا ہے۔ یہ مفت سافٹ ویئر مائیکرو سافٹ ٹیمز کے بزنس ورژن سے ملتا جلتا ہے جس میں آفس 365 کی سبسکرپشنز اور ویڈیو کالز، گروپ چیٹس اور ٹولز بھی شامل ہیں۔
مائیکرو سافٹ ٹیمز میں 24 گھنٹے تک ون آن ون مفت ویڈیو کالز کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور ایک گروپ کال میں 300 افراد کو شامل کیا جا سکتا ہے تاہم کمپنی مستقبل میں مفت گروپ کالز کے دورانئے کیساتھ ساتھ لوگوں کی تعداد کو محدود کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور صارفین ایک گھنٹے تک 100 افراد سے بات ہی کر سکیں گے مگر اس کیلئے فی الحال کسی وقت یا تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
مائیکرو سافٹ ٹیمز میں ایک اور دلچسپ فیچر ’ٹوگیدر موڈ‘ بھی شامل ہے جس کے ذریعے ویڈیو کالز کے دوران بیک گراؤنڈ شیئر کیا جا سکے گا۔ کورونا وائرس کی وباءکے دوران ویڈیو کالز اور کانفرنسنگ سروسز کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا اور حالات کسی حد تک معمول پر آنے کے بعد بھی لوگوں کی جانب سے ان سروسز کے ذریعے ہی خاندان اور دوستوں سے رابطے پر انحصار کیا جارہا ہے جس کے باعث مائیکروسافٹ نے اس میدان میں قدم رکھا ہے۔
مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ آن لائن کالز سے لوگوں کے اندر یہ احساس پیدا ہوتا ہے کہ وہ اپنے پیاروں کے ساتھ ایک ہی جگہ پر موجود ہیں۔ مائیکروسافٹ ٹیمز کا مفت سافٹ ویئر ڈیسک ٹاپ ایپ اور ویب براؤزر پر دستیاب ہے جبکہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس بھی جاری کی گئی ہیں۔
’مائیکرو سافٹ ٹیمز‘ عام افراد کیلئے متعارف کرا دی گئی
12:08 AM, 19 May, 2021