لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا چاہتے ہیں، گڈ گورننس کیلئے پروفیشنلز کو سامنے لانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق، وزیراعلیٰ پنجاب سے سیف اللہ خان نیازی سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی جس میں کورونا وائرس کی صورتحال سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کیلئے پارٹی کی تجاویز کا خیر مقدم کریں گے۔ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں کارکن ساتھ دیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ سیاسی نوازشات کا دور ختم ہوا، بورڈ اور کمیٹیوں میں صرف پروفیشنلز آئیں گے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا بورڈ ازسر نو تشکیل دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس میں طلبہ کی مانیٹرنگ کا فول پروف نظام وضع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوامی نمائندگان کو فہرستیں فراہم کرکے انصاف امداد پروگرام کی ری چیکنگ کی جائے گی۔ ملاقات کرنے والوں میں پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی، سینئر نائب صدر ارشد داد، صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، ڈاکٹر مراد راس، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر فاروق اور صوبائی سیکرٹری برائے گڈ گورننس اعجاز مہناس شامل تھے۔