اسلام آباد:بلاو ل بھٹو کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کو افطار ڈنر کی دعوت پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ لوگوں کو بلاول اور مریم نواز کے افطار ڈنر میں ملنے پر حیرت نہیں ہونی چاہیے، کرپٹ ٹولہ اب اکٹھا ہو رہا ہے تاہم عوام کبھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔
خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپٹ سیاسی مافیا معیشت کے ذریعے بلیک میل کرنا چاہتا ہے، پرانے نظام سے فائدہ اٹھانے والا سیاسی مافیا نئے نظام کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم 10 سال میں تباہ کی گئی معیشت کو ٹھیک کر رہے ہیں، ماضی کی غلط اقتصادی پالیسیوں کی بدولت آج ملک کی یہ حالت ہوئی ہے، یہ سارے چور اکٹھے ہونا چاہتے ہیں لیکن عوام کبھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر اپوزیشن جماعتیں اسلام آباد میں افطار ڈنر میں شریک ہوں گی۔کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے معاہدے کو بہترین قرار دیا اور کہا کہ عنقریب برآمدات میں بہتری، ترسیلات زر میں اضافہ اور معیشت بہتر ہو جائے گی۔
انہوں نے اشیاءخور ونوش کی قیمتوں پر نظر رکھنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ وہ اسی قوم سے ملک کو چلانے کے لیے پیسہ اکٹھا کر کے دکھائیں گے۔