بلاول کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کو افطار ڈنر آج دیا جائے گا

11:23 AM, 19 May, 2019

اسلام آباد: حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک کیسے چلائی جائے؟ بلاول بھٹو نے صلاح مشوروں کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو آج افطار ڈنر پر مدعو کرلیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کی جانب سے مریم نواز، مولانا فضل الرحمان، اسفند یار ولی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔پہلی بار مریم نواز اور بلاول آج افطار ڈنر پر ملاقات کرینگے۔

مریم نواز افطار ڈنر میں شرکت کیلئے آج اسلام آباد پہنچیں گی، حمزہ شہباز سمیت ن لیگ کے سینئر رہنما بھی افطار ڈنر میں شرکت کرینگے۔

مولانافضل الرحمان بھی آئیں گے جبکہ ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ سراج الحق بیرون ملک دورے کے باعث شرکت نہیں کرسکیں گے۔ بلاول بھٹو نے اختر مینگل اور محمود خان اچکزئی سے بھی فون پر رابطے کئے ہیں۔

دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹو کی افطار پارٹی کو حکومت کیخلاف سازش قرار دیدیا، کہتی ہیں اپوزیشن کو اپنی نیت کی مار پڑ رہی ہے، یہ صرف اپنی دولت اور اولاد کے مستقبل کے بارے میں فکرمند رہتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں افطار کے نام پر منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازش کرنا افسوسناک ہے۔واضح رہے کہ حکومت مخالف تحریک پر بات چیت کیلئے گزشتہ روز آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات بھی ہوئی تھی۔

مزیدخبریں