ممبئی: بالی ووڈ کی مایہ ناز اداکارہ سری دیوی نے بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنے 50 سال مکمل کر لیے، سری دیوی 13 اگست 1963ءکو پیدا ہوئیں اور صرف چار سال کی عمر سے چائلڈ ایکٹریس کی حیثیت سے فلموں میں کام شروع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سری دیوی نے اپنے 50 سالہ فلمی کیریئر میں اب تک 300 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی نے ہندی، تامل،تیلگو اور ملیالم زبانوں میں کئی سپر ہٹ فلمیں دینے والی سری دیوی نے اپنے شوبز کیرئیر کا آغاز بحیثیت چائلڈ آرٹسٹ چار سال کی عمر میں تامل فلم تھنائیواں سے کیا۔فلم جولی سے بحیثیت معاون اداکارہ بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی سری دیوی نے بطور ہیروئن "سولہواں ساون "سے اس انڈسٹری میں قدم جمانے شروع کیے۔بعد ازاں پے درپے ہمت والا،صدمہ،نگینہ،کرما،جانباز،مسٹر انڈیا،چالباز،چاندنی،لمحے ،خدا گواہ،گمراہ،لاڈلا اور جدائی جیسی کئی کامیاب و بہترین ہندی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے سری دیوی نے جہاں فلمی ناقدین سے بے پناہ دادو تحسین سمیٹی وہیں درجنوں ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔فلمساز بونی کپور سے شادی کے بعد 15 سال تک فلم انڈسٹری سے دور رہنے والی سری دیوی نے گذشتہ سال "انگلش ونگلش"سے فلمی پردے پر واپسی کی جس نے انہیں ایک بار پھر صفِ اول کی نوجوان اداکاراو¿ں کے مدِ مقابل لاکھڑا کیا۔