لاہور: کیلا ایک سدا بہار پھل سال بھر آسانی سے دستیاب ہوتا ہے ۔ یہ پھل انسانی صحت کے لئے بے شمار فوائد سے بھرپور ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ناشتے میں کیلوں کا استعمال کیا جائے تو یہ دن بھر چاک و چوبند اور فعال رکھنے کے لیے بہترین غذا ہے۔ناشتے میں کیلے کا استعمال آپ کی جسمانی غذائی ضروریات کو بھی پورا کرتا ہے اور آپ بے وقت بھوک لگنے کے باعث غیر صحت مند اشیا کھانے سے بچ جاتے ہیں۔
یہ پھل درج ذیل فوائد سے بھرپور ہوتا ہے۔ کیلے میں تین طرح کی قدرتی شکر پائی جاتی ہے۔ سکروز، فروکٹوز اور گلوکوز۔ کیلے میں فائبر یا ریشے بھی موجود ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کیلے کو فوری توانائی پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔اس پھل کی اسی اہم خاصیت کے باعث دنیا بھر میں مختلف کھیلوں کے ایتھلیٹس کی خوراک کا یہ لازمی جز ہے۔کیلے سے فوری طور پر ذہنی دباو¿ اور ڈپریشن سے نجات مل جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق کیلے میں موجود ایک عنصر ٹرائپٹوفن ایسا پروٹین ہے جو انسان کو ذہنی سکون دیتا ہے اور انسان کے موڈ کو بہتر بناتا ہے۔کیلا انسانی ذہن کی کارکردگی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔اس میں موجود آئرن یا فولاد جسم میں ہیمو گلوبن میں اضافہ کرتا ہے جو نیند لانے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔ کیلے میں پایا جانے والا پوٹاشیئم بلڈ پریشر کو معمول کے مطابق رکھتا ہے جبکہ یہ فالج کے خطرے سے بھی بچاتا ہے۔حاملہ خواتین یا ایسے افراد جو صبح اٹھنے کے بعد اپنی طبیعت گری گری محسوس کرتے ہیں، ناشتے میں لازمی طور پر کیلے کا استعمال کریں۔ کیلا ان کے اس مرض مارننگ سکسنیس کو قابو میں رکھے گا۔