ونیزویلا: وینزویلا کی حزب اختلاف کے رہنما کا پاسپورٹ ضبط کر کے اسے امریکہ جانے سے روک دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی امریکی ملک وینزویلا کی حزب اختلاف کے لیڈر ہینریق کاپریلس نے بتایا ہے کہ صدر مادورو کی حکومت نے ان کا پاسپورٹ اس وقت ضبط کر لیا جب وہ امریکہ روانہ ہونے کے لیے ہوائی جہاز میں سوار ہونے والے تھے۔
یاد رہے کہ متعلقہ لیڈر وینزویلا کے صوبے میرانڈا کے گورنر بھی ہیں۔ وہ امریکہ پہنچ کر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل میں مادورو حکومت کے مظاہرین کے خلاف لیے جانے والے سخت اقدامات کی تفصیل بیان کرنا چاہتے تھے۔
یاد رہے کہ آج کل وینزویلا کو شدید سیاسی انتشار کا سامنا ہے اور حکومت مخالف مظاہروں میں کم از کم 45 انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔دوسری جانب امریکی حکومت نے گزشتہ روز وینزویلا کی سپریم کورٹ کے آٹھ ججوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں.