چاروں وزرائے اعلیٰ کا وفاق سے صوبوں کیلئے ترقیاتی بجٹ بڑھانے کا مطالبہ

02:32 PM, 19 May, 2017

اسلام آباد: اسلام آباد میں وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں قومی ترقیاتی بجٹ کا تفصیلی جائزہ  لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبے کے لئے ترقیاتی بجٹ بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے صوبوں کے لیے پی ایس ڈی پی میں 3 گنا اضافہ کیا۔ چین میں ون بیلٹ روڈ کانفرنس کے دوران دنیا نے دیکھا کہ پاکستان ترقی کے لیے کوشاں ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا حکومت ایل این جی، کول، ہائیڈل، سولر اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ انفراسٹرکچراورسڑکوں کی تعمیرحکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دیہی علاقوں کے لیے ترقیاتی منصوبوں، صحت، تعلیم اور سوشل سیکٹر کے دیگرم نصوبے شروع کیے جائیں گے۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت وزیرا عظم آزاد کشمیر، وفاقی وزراء اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

دوسری جانب نیو نیوز نے مالی سال2017-18 کے بجٹ  دستاویزات حاصل کر لیں۔ دستاویزات کے مطابق سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 21 کھرب روپے جبکہ سی پیک منصوبوں کیلئے 27ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔ بجٹ میں وفاقی سالانہ ترقیاتی پروگرام  "پی ایس ڈی پی "کے لئے 1001 ارب جبکہ صوبوں کے پی ایس ڈی پی کے لئے 1112 ارب روپے تجویز کئے گئے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق نیشنل ہائی ویز کیلئے 324ارب، بجلی کے شعبے کیلئے 60ارب ، پانی کے شعبے کیلئے 36ارب، وفاقی وزارتوں کا بجٹ 352ارب اور خصوصی وفاقی ترقیاتی پروگرام کیلئے 50 ارب کی تجویز ہے۔ آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے 45ارب اور سیکورٹی کو بہتر بنانے کیلئے 45 ارب رکھنے کی تجویز ہے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کے اقدامات کیلئے 20ارب روپے جبکہ گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ فنڈ کی مد میں 25 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں