لارڈز کرکٹ گرائونڈ میں یونس خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

11:42 AM, 19 May, 2017

لندن:گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں بے مثال کارکردگی دکھانے والے عظیم پاکستانی بلے باز یونس خان کی لارڈز میں عزت افزائی کی گئی جہاں انہوں نے وزڈن لیدر بانڈ ایڈیشن وصول کیا۔یونس خان کو یہ اعزاز گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف اوول میں کھیلے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوران 2018 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر پیش کیا گیا جس کی بدولت پاکستان سیریز 2-2 سے برابر کرنے میں کامیاب رہا تھا اور وہ دیگر چار کھلاڑیوں کے ہمراہ وزڈن کرکٹرز المناک کے 2017 ایڈیشن میں جگہ بنانے میں بھی کامیاب رہے تھے۔

گزشتہ روز تاریخی کرکٹ گرائونڈ لارڈز میں لیجنڈ کرکٹر یونس خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں دنیائے کرکٹ کے بڑے ناموں سمیت پاکستانی ہائی کمشنر، صحافیوں اور پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے کرکٹ کے شعبے میں شاندار خدمات سر انجام دینے پر یونس خان کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب کے دوران یونس خان نے اس اعزاز کو اپنے کیلئے باعث فخر قرار دیا۔تقریب میں یونس خان نے گفتگو کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے دعائوں کی درخواست کی اور کہا کہ جس طرح سب لوگوں نے انہیں سپورٹ کیا اس پر وہ پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پہلے پاکستان کرکٹ کو سپورٹ کی جاتی رہی ہے اسی طرح آئندہ بھی انہیں سپورٹ کیا جائے۔

اس موقع پر پاکستانی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر، ون ڈے و ٹی20 ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت قومی ٹیم کے متعدد کرکٹرز بھی موجود تھے جنہوں نے عمدہ کارکردگی پر یونس خان کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے گفتگو کرتے ہوئے تقریب کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لارڈ یونس خان کا پسندیدہ کرکٹ گرائونڈ ہے جہاں انہوں نے تاریخ ساز کارکردگی دکھائی۔

کسی بھی لیجنڈ کھلاڑی کی خدمات کا اس سے بہتر اعتراف کوئی نہیں ہو سکتا کہ اسے اسی کے پسندیدہ گرائونڈ میں الوداعی تقریب دی جائے۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے شاندار الوداعی تقریب ملنے پر یونس خان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یونس خان جیسے بیٹسمین کا ہمارے ملک میں پیدا ہونا بڑا اعزاز ہے۔

اظہر محمود کا کہنا تھا کہ یونس خان پوری دنیا کیلئے سپر سٹار ہے جس طرح انہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔یونس خان بہت ہی عاجز شخص ہیں جنہوں نے کبھی سنچری بنائی تو بھی ان کے چہرے پر مسکراہٹ رہی اور اگر صفر پر آئوٹ ہوئے تو بھی وہ مسکراتے رہے۔

فاسٹ بولر محمدعامر کا کہنا تھا کہ یونس خان کی قیادت میں قومی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا ، وہ واقعی ہیرو ہیں اور انہوں نے کرکٹ کی جس طرح خدمت کی ہے اس طرح کی تقریب ان کا حق تھا۔سابق کرکٹر راشد لطیف کا کہنا تھا کہ یونس خان کے کیریئر کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ، ان میں دوسرے پلیئرز کی نسبت جذبہ حب الوطنی زیادہ ہے۔

یونس کے کردار سے ہر کوئی واقف ہے اس نے کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ دورہ انگلینڈ میں یونس خان مسلسل ناکامیوں کے سبب شدید دبائو کا شکار تھے لیکن سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنی عظمت کا ثبوت دیتے ہوئے 2018 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کی بدولت انگلینڈ کی پہلی اننگز کے اسکور 328 رنز کے جواب میں قومی ٹیم نے 542 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔

اس اننگز میں اسد شفیق کی 109 رنز کی شاندار باری بھی شامل تھی جس کی بدولت پاکستان نے سکور میں واضح برتری حاصل کرنے کے بعد میچ میں باآسانی دس وکٹ سے فتح اپنے نام کر لی تھی۔یونس خان نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 10ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا اور سیریز کے اختتام پر ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں