اسلام آباد:وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں،کلبھوشن کیس میں فیصلہ بیرونی دباو کے بجائے قومی سلامتی کو مدنظر رکھ کے کیا جائے گا۔گزشتہ روزغیرملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں وفاقی وزیر برائے دفاع اور پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں، ہمارے لیے ملکی سلامتی سب سے مقدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کیس میں فیصلہ بیرونی دباو کے بجائے قومی سلامتی کو مدنظر رکھ کے کیا جائے گا، عالمی عدالت انصاف ( آئی سی جے )کے عبوری فیصلے میں کسی کی ہار جیت کا نہیں کہا جاسکتا ۔
انٹرویو میں خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کی پھانسی میں تاخیر نہیں کی گئی، قانونی کارروائی کیلئیطے شدہ ٹائم فریم پرعملدرآمد کیاجا رہاہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ کلبھوشن کو کسی قسم کی ریلیف نہیں ملے گی .
فی الحال کلبھوشن کو پھانسی کی سزا پر آئی سی جے کا مصرف حکم امتناع آیا ہے، کیس کے مندرجات پر بحث ہی نہیں ہوئی۔وزیردفاع نے کہا کہ کلبھوشن پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کے لیے سرگرم رہا ہے جس جرم کے لیے قانونی چارہ جوئی کا طریقہ کار مکمل تھا .
اب کلبھوشن کے لیے کسی قسم کے ریلیف کا کوئی امکان نہیں ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کی جانب سے کلبھوشن کی سزائے موت پر حکم امتناع بس رسمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کے پاس اپیل کرنے کے لیے دو پلیٹ فارم ہیں ، وہ سپریم کورٹ کے پاس بھی جا سکتا ہے اور پھر صدر کے پاس بھی ۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں