محکمہ لائیوسٹاک کے زیر اہتمام ملکی تاریخ کے پہلے ڈونکی میلے کا اہتمام،125 گد ھوں کی شرکت

10:26 AM, 19 May, 2017

فیصل آباد:محکمہ لائےوسٹاک کے زےراہتمام ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا ڈونکی میلہ ونمائش منڈی مویشیاں تاندلیانوالہ میں منعقد ہوئی جس مےں سواسو سے زائد نرومادہ گدھوں نے حصہ لیا۔

نر گدھے کا مقابلہ مظہر علی کے گدھے نے جیت لیا اور 50 ہزار روپے،ٹرافی اور سرٹیفکٹ حاصل کیا جبکہ ظہیر عباس کے گدھے نے دوسری اور اللہ دتہ کے گدھے نے تیسری پوزیشن حاصل کرکے باالترتیب 30 ہزار روپے اور 20 ہزار روپے کے نقد انعامات جیتے۔اسی طرح گدھی کے مقابلہ میں چکوال کے فضیل حسین نے پہلی پوزیشن حاصل کرکے 50 ہزار روپے اور محمد سلیمان کی گدھی دوسری اور تیسری پوزیشن کی حقدار قرار پائی اور 30 ہزار اور 20 ہزار روپے کا انعام جیتا۔

گدھوں کے بچوں کے حوصلہ افزائی انعامات عبدالعزیز،محمد شفقت اور علی شیر کے حصے میں آئے جبکہ ہاکی سٹیڈیم تاندلیانوالہ میں منعقد ہونے والی گدھا ریڑھی ریس میں اللہ دتہ کے گدھا نے ایک کلومیٹر کا فاصلہ 44.16 سیکنڈ میں طے کرکے اول پوزیشن حاصل کی اور 20 ہزار روپے کا نقد انعام جیتا۔مقابلہ میں محمد افضل کی گدھا ریڑھی نے مقررہ فاصلہ 44.46سےکنڈ مےں پورا کرکے دوسری اور رانا محمد حفیظ کی گدھا ریڑھی نے تیسری پوزیشن حاصل کرکے باالترتےب 10ہزارروپے اور5 ہزار روپے کا انعام و ٹرافیز جیتی۔

ڈونکی میلہ و نمائش اور گدھا گاڑی ریس کے موقع پر ایم پی اے جعفر علی ہوچہ مہمان خصوصی تھے جبکہ مسلم لیگی رہنما گوہر علی بلوچ،ڈائریکٹر لائیوسٹاک فارمزپنجاب ڈاکٹر عبدالرحمٰن، ڈائریکٹر بہادرنگر فارم اوکاڑہ محمود اعجاز گورسی،ڈائریکٹر فیصل آباد ڈویژن منیر احمد شامی،ڈائریکٹر سرگودھا/ جج اے ڈی کھوسہ،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر صالحہ گل،انچارج برک ہسپتال/جج کرنل ارشد انصاری،ڈاکٹر سیدندیم بدر،لائیوسٹاک افسران ڈاکٹر روبینہ انجم،ڈاکٹر عتیق ودیگر کے علاوہ گدھا پال حضرات بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ایم پی اے جعفر علی ہوچہ نے ڈونکی میلہ میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں لائیوسٹاک کا شعبہ تیزرفتاری سے ترقی کی جانب گامزن ہے اور گدھا پال حضرات کیلئے میلہ اور مقابلہ خوبصورتی کے انعقاد کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی جس میں پوزیشن ہولڈرز کیلئے پرکشش نقد انعامات بھی رکھے گئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب مویشیوں کی طرح گدھوں کو بھی علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے مقابلہ جیتنے والوں کو مبارکبادی اور کہا کہ ایسے میلوں کا انعقاد تسلسل سے جاری رہنا چاہیئے۔مسلم لیگی رہنما گوہر علی بلوچ نے کہا کہ ڈونکی میلہ و نمائش اورریڑھی دوڑ مفید پروگرام ہے جس میں گدھا پال حضرات نے بھرپور شرکت کی۔انہوں نے تحصیل تاندلیانوالہ میں میلہ منعقد کرانے پر سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب نسیم صادق کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں