سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ، اینٹی کرپشن ہاٹ لائن کا قیام

سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ، اینٹی کرپشن ہاٹ لائن کا قیام

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے بدعنوانی کے خلاف جنگ کو تیز کرنے کے لیے خصوصی اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کر دی ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عدلیہ میں شفافیت کو بڑھانا اور فوری انصاف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرنا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں دائر تمام مقدمات کا فیصلہ میرٹ پر اور بروقت کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی سرکاری یا غیر سرکاری فرد کی طرف سے رشوت یا غیر قانونی درخواست کی جائے، تو فوری طور پر شکایت درج کرائی جائے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ رشوت یا بدعنوانی کی شکایات کے لیے سپریم کورٹ نے ایک محفوظ اور خفیہ پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔ شکایت کرنے والے کا نام راز میں رکھا جائے گا اور اس کی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے وٹس ایپ نمبر 03264442444 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔