کراچی: کراچی کے علاقے ڈیفنس سے بین الاقوامی منشیات سمگلنگ کے ایک بڑے گروہ کا رکن گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم کوئٹہ سے آئس نامی منشیات کو تھیلیوں اور کیپسولز میں رکھ کر جسم کے مختلف حصوں میں چھپاتا تھا۔
پولیس نے منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ساؤتھ پولیس کی ٹیم کے ساتھ مل کر اس کارروائی کو کامیاب بنایا۔ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے، جس میں بتایا کہ وہ سعودی عرب، قطر، تھائی لینڈ اور ملائیشیا جیسے ممالک میں منشیات اسمگل کرتا تھا۔
آئس کی خریداری کوئٹہ سے 300 روپے فی گرام کی قیمت پر کی جاتی تھی اور پھر اسے بیرون ملک 3000 روپے فی گرام کے حساب سے فروخت کیا جاتا تھا۔ ملزم نے یہ بھی بتایا کہ وہ ایک وقت میں 400 گرام منشیات اسمگل کرتا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم آئس کی کیپسول بنانے میں ماہر تھا اور ان کیپسولز کو جسم کے اندر چھپانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ اے ایس پی ڈیفنس منیشا روپیتہ نے کہا کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا۔