پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک نئے عزم کے ساتھ کھڑا ہے:مریم اورنگزیب 

04:27 PM, 19 Mar, 2025

لاہور:مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک فیصلہ کن موڑ پر ہے اور پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔ انہوں نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی ایک اور مثال قرار دیا جس کا مکمل طور پر خاتمہ ضروری ہے۔

سینئر صوبائی وزیر پنجاب نے کہا کہ ہمیں مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہوگا اور اس کے لیے پورا ملک ایک پلیٹ فارم پر آ کر کام کرے گا کیونکہ دہشت گرد کا نہ کوئی دین ہوتا ہے نہ ایمان، وہ انسانیت کا دشمن ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فعال اقدامات کیے ہیں اور موجودہ حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے اقدامات کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے اے پی ایس کے سانحے کے بعد دہشت گردی کے خلاف مضبوط قدم اٹھائے تھے۔

جعفر ایکسپریس حملے میں شہید ہونے والوں کا ذکر کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت ان کے ساتھ اس مشکل وقت میں مکمل طور پر کھڑی ہے۔

مزیدخبریں