لیجنڈ اداکار محمد علی کو مداحوں سے بچھڑے 19 برس ہوگئے

لیجنڈ اداکار محمد علی کو مداحوں سے بچھڑے 19 برس ہوگئے

لاہور : پاکستان کے عظیم اداکار محمد علی کو مداحوں سے بچھڑے ہوئے 19 برس ہو گئے ہیں۔ وہ 19 اپریل 1931 کو بھارت کے شہر رامپور میں پیدا ہوئے، اور 1947 میں تقسیم کے دوران اپنے خاندان کے ہمراہ کراچی ہجرت کر گئے تھے۔

محمد علی نے 1956 میں ریڈیو پاکستان حیدرآباد سٹیشن میں بطور براڈکاسٹر شمولیت اختیار کی اور بعد میں کراچی منتقل ہوگئے، جہاں انہیں ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ذوالفقار علی بخاری نے اداکاری کے شعبے میں رہنمائی دی۔ انہوں نے اپنے منفرد انداز سے اداکاری کی دنیا میں ایسا تاثر چھوڑا کہ آج بھی ان کی یادیں زندہ ہیں۔

محمد علی نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز فلم چراغ جلتا رہا سے کیا اور پھر شوبز کی دنیا میں اپنا لوہا منوایا۔ وہ اپنے کردار میں اس قدر ڈوب جاتے کہ وہ حقیقت کا گماں دیتے تھے، اور اپنی آواز کے اتار چڑھاؤ پر ان کا کمال عبور تھا۔ انہوں نے کئی مشہور اداکاراؤں کے ساتھ کام کیا، جن میں شبنم، بابرہ شریف اور دیبا شامل ہیں، لیکن ان کی زیبا کے ساتھ جوڑی بے حد مقبول ہوئی اور بعد میں دونوں حقیقی زندگی میں بھی شریک حیات بن گئے۔

محمد علی نے آگ کا دریا، انسان اور آدمی، شمع، آئینہ، صورت، کنیز اور صاعقہ سمیت بے شمار کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہیں تمغہ امتیاز اور تمغہ حسنِ کارکردگی جیسے اعزازات بھی ملے۔ محمد علی 19 مارچ 2006 کو انتقال کر گئے، لیکن ان کا یادگار انداز اداکاری آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

مصنف کے بارے میں