‏خیبرپختونخوا کے عوام فتنہ الخوارج کیخلاف متحد ، چھٹی پر آئے سکیورٹی اہلکار کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

12:38 PM, 19 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی : خیبرپختونخوا کے عوام نے فتنہ الخوارج کے خلاف بھرپور مزاحمت کی اور سکیورٹی اہلکار کے اغوا کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

 سکیورٹی ذرائع کے مطابق، ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں چھٹی پر آئے سکیورٹی اہلکار کے گھر کا محاصرہ کرنے والے مسلح افراد کے خلاف مقامی افراد متحد ہو گئے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے ہاتھوں سکیورٹی اہلکار کو اغوا کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

مقامی افراد نے واضح طور پر کہا کہ انہیں دہشت گردوں سے کوئی تعلق نہیں اور وہ امن سے جینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے سکیورٹی اہلکار کو دہشت گردوں کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔ اسی طرح، کرک اور بنوں میں بھی مقامی افراد نے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر خوارج کے حملوں کو پسپا کیا۔

لکی مروت میں بھی مقامی افراد نے ایک مسجد کے باہر سکیورٹی پر مامور رہائشی کا خوارج سے مقابلہ کیا اور انہیں مار بھگایا، اس دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ مقامی رہائشیوں کی جانب سے خوارج کے خلاف مزاحمت یہ ظاہر کرتی ہے کہ عوام دہشت گردوں کے خلاف کھڑے ہیں۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے غیور عوام کی طرف سے خوارج کے خلاف اتحاد ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی عوام ہی اصل ہیرو ہیں جو دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ لڑ رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، عوام کی جانب سے عسکریت پسندی کے خلاف عملی مزاحمت کا پیغام ہے کہ وہ کسی صورت دہشت گردی کو برداشت نہیں کریں گے، اور یہ پرامن مستقبل کی امید کی علامت ہے۔

مزیدخبریں