موٹروے پر آلٹو کے داخلے پر کوئی پابندی نہیں، موٹروے پولیس کی وضاحت

موٹروے پر آلٹو کے داخلے پر کوئی پابندی نہیں، موٹروے پولیس کی وضاحت

اسلام آباد: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس نے آلٹو گاڑی کے موٹروے پر داخلے پر پابندی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے تردید کر دی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ خبر کسی مستند یا سرکاری ذرائع سے جاری نہیں کی گئی، لہٰذا اس میں کوئی صداقت نہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں اور کسی بھی مستند خبر کے لیے موٹروے پولیس کے آفیشل ذرائع سے رجوع کریں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ موٹروے پر آلٹو گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس افواہ کو تقویت اس وقت ملی جب ایک المناک حادثے میں 12 پہیوں والے ٹرک نے ایک آلٹو کار کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی غیر مصدقہ خبروں کو آگے پھیلانے سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں تاکہ حادثات سے محفوظ رہا جا سکے۔