یورپ میں ایسا پل جہاں قدم رکھتے ہی ملک اور وقت دونوں بدل جائیں

12:06 AM, 19 Mar, 2025

اسپین/پرتگال :یورپ میں موجود المارکو پل کو دنیا کا سب سے چھوٹا بین الاقوامی پل قرار دیا جاتا ہے، جو اسپین اور پرتگال کی سرحد پر واقع ہے۔ اس کی لمبائی محض 19 فٹ (6 میٹر) اور چوڑائی 4.7 فٹ (1.45 میٹر) ہے۔

یہ پل اسپین کے ایک چھوٹے گاؤں کو پرتگال کے گاؤں ورزیا گرانڈے سے جوڑتا ہے، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ یہاں سے گزرنے کا مطلب نہ صرف ایک ملک سے دوسرے ملک میں داخل ہونا ہے، بلکہ ایک ٹائم زون سے دوسرے میں جانا بھی ہے۔ اسپین میں سینٹرل یورپین ٹائم (CET) جبکہ پرتگال میں گرینویچ مین ٹائم (GMT) رائج ہے، جس کے باعث پل عبور کرتے ہی ایک گھنٹے کا فرق پڑ جاتا ہے۔

یہ پل ماضی میں اسمگلنگ کے لیے مشہور تھا، تاہم 2008 میں یورپی یونین کے شینگن معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سرحدی آمد و رفت کو آسان بنایا گیا، جس کے بعد اسمگلنگ کا سلسلہ ختم ہوگیا۔

المارکو پل نہ صرف جغرافیائی لحاظ سے منفرد مقام رکھتا ہے بلکہ سیاحوں کے لیے بھی ایک دلچسپ کشش بن چکا ہے، جہاں ایک قدم میں ملک اور وقت دونوں بدل جاتے ہیں۔
 

مزیدخبریں