اچھرہ بازار میں خاتون پر حملہ اور خوف و ہراس پھیلانے کے مقدمے میں  چاروں ملزموں کا  تین  دن کا جسمانی ریمانڈ منظور

 اچھرہ بازار میں خاتون پر حملہ اور خوف و ہراس پھیلانے کے مقدمے میں  چاروں ملزموں کا  تین  دن کا جسمانی ریمانڈ منظور

لاہور:  انسداد دہشت گردی عدالت نے لاہور کے اچھرہ بازار میں خاتون پر حملہ اور خوف و ہراس پھیلانے کے مقدمے میں ملوث چاروں ملزموں کا  تین  دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ پولیس نےواقعے میں ملوث چاروں زیرِحراست ملزمان کو عدالت پیش کیا اور ان کے جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی.

تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزموں نے  خاتون کو قتل کرنے کی کوشش کی اور  ہجوم کو اکٹھا کرکے خاتون کو ہراساں کیا. اچھرہ مارکیٹ میں 400 افراد نے خاتون کو محبوس کیا، خاتون کو دھمکیاں اور جان سے مارنے کی کوشش کی گئی۔ تفتشی افسر نے بتایا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے خاتون کی جان بچائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملزم محمد ندیم، عادل سرور، بلال اور التمش ثقلین سے تفتیش درکار ہے۔تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ملزمان سے اسلحہ برآمد کرنا ہے، 3 روز کا ریمانڈ دیا جائے۔

بعد ازاں عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے چاروں ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزموں سے تفتیش کی رپورٹ بھی طلب کر لی.

یاد رہے کہ 25 فروری کو صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے کاروباری علاقے اچھرہ میں عربی حروف تہجی والا لباس پہننے پر مشتعل ہجوم نے خاتون پر توہین مذہب کا الزام لگایا، خاتون پولیس افسر کی بروقت کارروائی نے صورتحال کو نہ صرف بگڑنے سے بچایا بلکہ خاتون کو بھی مشتعل ہجوم سے بحفاظت نکال لیا تھا۔

مصنف کے بارے میں