چودھری پرویز الہٰی اڈیالہ جیل کے واش روم میں گر کر زخمی 

چودھری پرویز الہٰی اڈیالہ جیل کے واش روم میں گر کر زخمی 

 لاہور : سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی جیل کے واش روم میں گرکر زخمی ہوگئے ہیں۔ پرویز الٰہی کا اڈیالہ جیل سے میڈیکل سرٹیفکیٹ احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا۔ 

پرویز الہیٰ اور دیگر ملزموں کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں کرپشن اور کک بیکس وصول کرنے کے ریفرنس کی سماعت  احتساب عدالت  لاہور میں ہوئی ۔پرویز الٰہی اور دیگر ملزمان پر احتساب عدالت میں آج بھی  فرد جرم عائد نہیں ہو سکی  ۔  عدالت نے پرویز الٰہی اور دیگر کیخلاف ریفرنس پر سماعت 4 اپریل تک ملتوی کر دی 

شریک ملزم محمد خان بھٹی کو  احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ۔ چودھری پرویز الہیٰ کی میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ  پرویز الٰہی کی صحت خراب ہے وہ سفر نہیں کر سکتے ۔ پرویز الٰہی کو بخار ہے  اور پیٹ بھی خراب ہے۔  پرویز الٰہی گزشتہ دنوں واش روم میں گر گئے تھے جس سے وہ زخمی ہوگئے۔گرنے سے پرویز الہی کو سر اور کمر پر چوٹیں آئیں . پرویز الٰہی واش روم میں پھسلن کے باعث گرے.

احتساب عدالت کے جج زبیرشہزاد کیانی نے  ریفرنس پر سماعت کی ۔ احتساب عدالت نے مونس الہی کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے ۔ نیب نے مونس الہی کے اثاثہ جات منجمد کرنے کی رپورٹ جمع کرا رکھی ہے۔ نیب ریفرنس میں پرویز الہی اور مونس الہی  سمیت  14 ملزمان نامزد ہیں ۔ نیب لاہور نے پرویز الہی سمیت دیگر کے خلاف 1 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے ۔