چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست مسترد

10:48 AM, 19 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست مسترد کر دی۔ 

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست کی سماعت کی، عدالت نے رجسٹرارآفس کا اعتراض  برقرار رکھا۔

عدالت میں درخواست گزار کے وکیل افاق احمد نے دلائل دئیے اور موقف اپنایا کہ امیدواروں کو کاغذات نامزدگی کے ساتھ بیان حلفی دیا گیا، بیان حلفی میں پیغمبر اسلام کا نام درست نہیں لکھا گیا۔ بیان حلفی پنجاب تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ 2020 کی خلاف ورزی ہے، بیان حلفی درست پرنٹ نہ ہونے سے امیدواروں کے عقیدہ پر سوال اٹھ سکتے ہیں۔


چیف الیکشن کمشنر نے بیان حلفی درستگی نہ کرکے سنگین جرم کیا ہے،قانون کی خلاف ورزی پر پنجاب حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کیخلاف مقدمہ درج نہیں کیا۔توہین دین اسلام پر چیف الیکشن کمشنر کیخلاف مقدمہ درج کرنا قانونی تقاضا ہے۔

درخواست میں آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حکومت کو چیف الیکشن کمشنر کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت درخواست گزار کو چیف الیکشن کمشنر کیخلاف مقدمہ درج کرانے کی اجازت دے۔

بعد ازاں عدالت نے رجسٹرارآفس کا اعتراض  برقرار رکھتے ہوئے درخواست مسترد کر دی۔ 

مزیدخبریں