اسلام آباد : عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں پیشی پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے توڑپھوڑ کا مقدمہ تھانہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں درج کرلیا گیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ دہشت گردی سمیت 10 جرائم کی مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا ، مقدمہ میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سمیت 50 کے قریب گرفتار ورکرز اور مطلوب رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے ۔
مقدمے میں علی امین گنڈاپور، مراد سعید، عامرکیانی، اسد قیصر، شبلی فراز، اسد عمر، عمر ایوب، علی اعوان اور حسان نیازی سمیت 17 رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان نے پولیس چیک پوسٹ کو نقصان پہنچایا ، جوڈیشل کمپلیکس کا مین گیٹ اور شیشے توڑے ، پولیس کی 2 گاڑیوں،7 موٹر سائیکلوں کو جلایا گیا، ایس ایچ او گولڑہ کی سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق پستول، 20 ہزار روپے، 8 پولیس ملازمین کی اینٹی رائٹ کٹ چوری کی گئیں۔ جلاؤ گھیراؤ، پتھراؤ اور جوڈیشل کمپلیکس کی عمارت کی چیزیں توڑنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔