سیاسی حالات کو او آئی سی اجلاس پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا: متحدہ اپوزیشن کا اعلامیہ 

سیاسی حالات کو او آئی سی اجلاس پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا: متحدہ اپوزیشن کا اعلامیہ 
سورس: File

اسلام آباد  میں او آئی سی وزرائے خارجہ کا اجلاس  کے حوالے سے متحدہ اپوزیشن  نےمشترکہ اعلامیہ  جاری کردیا ۔ اپوزیشن کا کہنا ہےکہ    اسلامی تعاون تنظیم  کے وزراء خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کے موقع پر اسلامی دنیا کے وزراء خارجہ، مندوبین اور دیگر اعلی شخصیات کی پاکستان آمد کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہیں ۔

اعلامیے کے مطابق معزز مہمانوں کی آمد ہمارے لئے باعث مسرت و افتخار ہے۔ ہم ان کے جذبے اور عزم کی تحسین کرتے ہیں کہ وہ افغانستان، جموں و کشمیر، فلسطین سمیت اسلامی دنیا کو درپیش کثیر الجہتی درپیش اہم مسائل پر غور کے لئے 22 اور 23 مارچ 2022 کو اسلام آباد شریف لارہے ہیں۔ 

اپوزیشن کا کہنا ہے کہ ہم ان کی پزیرائی اور استقبال کے لئے چشم براہ ہیں ۔ پاکستان کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن انہیں یقین دلاتی ہے ان کی آمد کے موقع پر پورا پاکستان انہیں خوش آمدید کہتا ہےان کی اسلام آباد میں موجودگی کے دوران مہمان نوازی کی روایتی چاشنی، احترام، تقاضوں کے مطابق خوش گوار ماحول استوار کرنے میں اپنا کردار یقینی بنائیں گے۔

اپوزیشن کے مطابق ایسی فضا کی تشکیل میں بھرپور حصہ ڈالیں گے جس میں معزز مہمان اپنے طے شدہ امور پوری توجہ، انہماک اور دلجمعی سے انجام دے سکیں ۔او آئی اسی  کے معزز مہمانوں کے خیر مقدم اور تکریم کے لئے ہی متحدہ اپوزیشن نے لانگ مارچ کی تاریخوں میں تبدیلی کی اور اپنے کارکنان کو 25 مارچ سے پیشتر اسلام آباد نہ آنے کی ہدایت کی۔

پاکستان کے داخلی سیاسی حالات اور سیاسی کشمکش کو کسی طور او آئی سی پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔ہم امید کرتے ہیں کہ معزز مہمانان گرامی کا اسلام آباد میں قیام خوشگوار رہے گا اور وہ اچھی یادیں لے کر وطن واپس تشریف لے جائیں گے۔

مصنف کے بارے میں