کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد کو باضابطہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) ہال آف فیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین نےجاوید میانداد کو پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے پر اعزازی کیپ اور پلاک پیش کی۔
جاوید میانداد نے پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بننے کو بڑا اعزاز قرار دیا، انہوں نے چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب پی سی بی کے معاملات ایک کرکٹر سنبھالتا ہے تو ایسے خوش آئند فیصلے کیے جاتے ہیں کیونکہ وہ جانتا ہے کہ ایک کھلاڑی کتنی محنت اور قربانیوں کے بعد ایک خاص مقام تک پہنچتا ہے۔
Javed Miandad has been formally inducted into the PCB Hall of Fame 🌟 pic.twitter.com/WJ4NgBFRPP
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) March 19, 2022
جاوید میانداد سے قبل وسیم اکرم ،فضل محمود اور ظہیر عباس بھی پی سی بی ہال آف فیم کا باضابطہ حصہ بن چکے ہیں۔
جاوید میانداد 1975 سے 1996 تک قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے ، انہوں نے اپنے 21 سالہ کرکٹ کیرئیر میں 357 انٹرنیشنل میچز کھیلے جن میں 16213 رنز بنائے اور 31 سنچریاں بنائیں ۔
جاوید میانداد نے اپنا پہلا ورلڈ کپ 1975 میں کھیلا جب ان کی عمر محض18 برس تھی اور پھر موجودہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں 1992 کا ورلڈ کپ کھیلا اور پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔