کراچی: پاکستان سمیت دنیا بھر میں واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز اچانک بند ہونے کے بعد دوبارہ سے بحال ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کی سروز سرور میں خرابی کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے معطل ہو گئی تھیں تاہم 30 منٹ بعد تینوں اپیلکشنز کی سروسز بحال ہو گئیں۔
دنیا کے مختلف ممالک میں سوشل میڈیا کی سروسز متاثر ہو گئی تھیں اور یورپ، امریکا سمیت ایشیا کے مختلف ممالک میں صارفین کو سروسز کے استعمال میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
ویب سائٹس کی ٹریکنگ کرنے والی سائٹ ڈاﺅن ڈیٹیکٹر کے مطابق دنیا بھر میں صارفین کو مخصوص پوسٹس کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ تاحال سروسز متاثر ہونے کی ٹھوس وجوہات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر چند منٹوں میں ہی ہزاروں افراد نے واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروس متاثر ہونے کا بتایا۔ ویب سائٹ کے مطابق 12 لاکھ سے زائد صارفین نے انسٹاگرام کی سروس متاثر ہونے کا بتایا جبکہ 23 ہزار سے زائد افراد نے واٹس ایپ سروس متاثر ہونے کی شکایت کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ واٹس ایپ نے اپنے بارہ سال مکمل ہونے پر اعدادوشمار جاری کئے تھے جس کے مطابق دنیا بھر میں واٹس ایپ صارفین کی تعداد دنیا بھر میں دو ارب سے زائد ہے ۔ اس کے مطابق ہر ماہ سو ارب پیغامات جبکہ روزانہ ایک ارب سے زائد کالز کی جاتی ہیں۔