لاہور: ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث کیسز میں اضافے کی شرح میں تیزی کے پیش نظر قومی کرکٹرز نے بھی عوام سے احتیاط کرنے کی اپیل کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس سمیت کھلاڑی بھی کورونا کی آگاہی کیلئے میدان میں آ گئے ہیں جنہوں نے تیسری لہر کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اپنا اور اپنے پیاروں کا خیال رکھیں اور حکومت کی جانب سے وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس، سابق کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، بلے باز امام الحق، حیدر علی، لیگ سپنر شاداب خان، حارث رؤف اور عثمان قادر نے عوام سے اپنا خیال رکھنے اور کورونا وائرس کیخلاف وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کا پیغام دیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر خطرناک ہے جس کے باعث حکومت پاکستان نے بھی ایس او پیز پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے، آپ سب احتیاط کریں اور اپنا خیال رکھیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے کہا کہ کورونا وائرس ایک بار پھر تیزی سے پھیل رہا ہے، عوامی مقامات پر جانے سے گریز کریں اور ہر صورت ماسک کا استعمال کریں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ نے اپنے پیغام میں عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سماجی فیصلے پر عمل کر کے اپنے پیاروں کو کورونا سے محفوظ رکھیں جبکہ قومی ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان نے بھی عوام سے ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کی۔فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور اوپننگ بلے باز امام الحق نے بھی عوام سے کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر سنگین ہوتی جارہی ہے اور کورونا وائرس کے کیسز کی شرح اضافے کے بعد 8 فیصد تک پہنچ گئی ہے جس کے باعث نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے بھی سخت پابندی عائد کرنے کا عندیہ دیا جا چکا ہے تاہم اس حوالے سے کسی بھی طرح کا فیصلہ پیر کے روز ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔