پاکستان میں پہلی بار موٹروے پولیس نے ڈرون کیمروں کے ذریعے چالان کر دیا

05:53 PM, 19 Mar, 2021

لاہور: پاکستان میں پہلی بار موٹر وے پولیس نے ڈرون کیمروں کے ذریعے ٹریفک چالان کردیا، ڈی آئی جی ساؤتھ زون علی شیر جاکھرانی کا کہنا ہے کہ ڈرون کیمروں کی مدد سے نہ صرف چالان بلکہ موٹرویز اور ہائی ویز کی مجموعی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ زون علی شیر جاکھرانی کے مطابق پاکستان میں پہلی بار موٹروے پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈرون کیمروں کی مدد سے ٹریفک چالان شروع کرنے جا رہی ہے۔ ڈرون کیمروں کے استعمال سے ہم نہ صرف چالان کریں گے بلکہ موٹروے اور ہائی ویز کی مکمل مانیٹرنگ بھی ہو گی جس میں حادثات ہونے کی صورت میں حادثے کی وجوہات، کرائم کا سراغ جیسی معلومات حاصل کر سکیں گے۔
سیکٹر کمانڈر جامشورو سید فرحان احمد نے ایم نائن بحریہ ٹاؤن اور کاٹھوڑ کے مقامات پر ڈرون کیمروں کے استعمال کو دکھایا۔ ڈی آئی جی علی شیر جاکھرانی کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سنگین خلاف ورزیوں پر نیشنل ہائی ویز اینڈ سیفٹی آرڈیننس کے تحت موٹر وے پولیس پبلک ٹرانسپورٹ، گڈز ٹرانسپورٹ کے مالکان کو نوٹسز جاری کررہی ہے کہ آئندہ اس طرح کی غلطی نہیں ہونی چاہیے جس سے کوئی حادثہ ہو جائے اگر اس طرح کی غلطی بار بار ہوگی تو ان گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا جائے گا۔
علی شیر جاکھرانی کے مطابق ڈرون کی مدد سے پتہ چلا کہ کراچی اور حیدرآباد کے درمیان چار فلیش پوائنٹس ہیں جہاں قوانین کی خلاف ورزی ہو یا کوئی گاڑی خراب ہوجائے تو کئی کلومیٹر تک گاڑیوں کی قطاریں لگ جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ روٹ پر یومیہ کم و بیش ایک لاکھ گاڑیوں کا گزر ہوتا ہے اور کسی بھی ڈرائیور کی معمولی سی غلطی سے سینکڑوں افراد پریشانی میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ زون کا کہنا تھا کہ اس روٹ پر پبلک ٹرانسپورٹ کا ڈرائیور پہلی مرتبہ قوانین کی خلاف ورزی پر پکڑا جائے گا تو اس کا صرف چالان کیاجائے گا لیکن اگر تسلسل کے ساتھ کسی کمپنی کے ڈرائیورز قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تو کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

مزیدخبریں