’’محترم اگر آپ کو سیاست کا شوق ہے تو کونسلر کا الیکشن لڑلیں مقبولیت کا اندازہ ہوجائے گا‘‘

10:03 AM, 19 Mar, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر شدید تنقید کی ہے۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ  ایک ہفتے سے سپریم کورٹ کے ایک انڈر ٹرائیل جج کی تقریریں سن رہے ہیں اگر جواب دیا تو ’’دکھ ہوا سے توہین ہوگئی کے بھاشن آجائیں گے ‘‘محترم اگر اپ کو بھی اپنے گاڈ فادر افتخار چوہدری کی طرح سیاست کاشوق ہے تو مستعفیٰ ہو کر کونسلر کا الیکشن لڑ لیں مقبولیت اور قبولیت دونوں کا اندازہ ہو جائیگا۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر پیرزادہ قاسم صدیقی کی معروف نظم’’ ابھی ہم نہیں بولے‘‘ بھی شیئر کی ۔

ابھی تو آپ ہیں اور آپ کا زورِ خطابت ہے

بہت الفاظ ہیں نادر، بہت بے ساختہ جملے

 

ابھی تو لب کشائی آپ کی اپنی گواہی ہے

ابھی تو آپ ہیں ظلِّ الٰہی، آپ ہی کی بادشاہی ہے

 

ابھی تو علم و حکمت، لفظ و گوہر آپ ہی کے ہیں

ابھی سب فیصلے، سب مُہر و محور آپ ہی کے ہیں

 

ابھی سب زر، جواہر، مال و دولت آپ ہی کے ہیں

ابھی سب شہرت و اسبابِ شہرت آپ ہی کے ہیں

 

ابھی کیا ہے، ابھی تو آپ کا جبروت لہجے میں عیاں ہو گا

ابھی تو آپ ہی کے نطق و لب سے آپ کا قصہ بیاں ہو گا

 

ابھی تو محترم بس آپ ہیں، خود اپنی نظروں میں

معظم، محتشم القاب ہیں خود اپنی نظروں میں

 

ابھی تو گونجتے اونچے سُروں میں آپ ہی ہیں نغمہ خواں اپنے

سبھی لطف و کرم گھر کے، مکان و لا مکاں اپنے

 

ابھی تو آپ ہی کہتے ہیں کتنا خوب کہتے ہیں

جو دل میں آئے کہتے ہیں، جو ہو مطلوب کہتے ہیں

 

مگر جب آپ کی سیرت پہ ساری گفتگو ہو لے

تو یہ بھی یاد رکھیے گا ابھی تک ہم نہیں بولے

مزیدخبریں