اسلام آباد : وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 70ہزار سے زائد قربانیاں دیکر ملک سے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطا بق وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی نے نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کی تاریخ میں مبینہ دہشت گردی کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی نسل اور مذہب نہیں ہوتا کیونکہ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے، اسلام امن اور رواداری کا مذہب ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ میرا بھائی جاوید بھی ملک میں ایک بم دھماکے میں شہید کیا گیا تھا اس لیے میں سوگوار خاندانوں کے درد کو اچھی طرح محسوس کر سکتی ہوں۔
زرتاج گل وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی مسلح و بہادر افواج نے ملک بھر سے دہشت گردی کی سرگرمیوں کا کامیابی سے خاتمہ کر دیا ہے اور ملک میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا کامیاب انعقاد اس بات کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔