وزارت داخلہ نے سابق صدر پرویز مشرف کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی حامی بھر لی

08:08 PM, 19 Mar, 2018

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سابق صدر پرویز مشرف کو وطن واپسی کی صورت میں سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے سابق صدر پرویز مشرف کو وطن واپس کی صورت میں سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کی واپسی کی تاریخ سے آگاہ کیا جائے، انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ سابق صدر کے وکیل نے تیرہ مارچ کو وزارت داخلہ کو خط لکھا جس کے جواب میں وزارت داخلہ نے خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کی واپسی کے تمام شیڈول سے آگاہ کیا جائے کہ پاکستان کب آئیں گے اور کتنے دن یہاں رکیں گے اس حوالے سے سیکیورٹی کے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔

دوسری جانب سابق صدر کے وکیل نے وزارت داخلہ کے خط پر اپنے جواب میں کہا ہے کہ یقین نہیں کہ حکومت ان کے موکل کو سیکیورٹی فراہم کرے گی لہذا حکومت عدالت کو آگاہ کرے کہ وہ پرویز مشرف کو کیا سیکیورٹی فراہم کرے گی۔

واضح رہے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے غداری کیس میں پرویز مشرف کی گرفتاری کے لیے وفاقی حکومت کو اقدامات کی ہدایت کی ہے اور ان کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ سابق صدر کی جانب سے وزارت دفاع سے سیکیورٹی مانگی گئی جس پر عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل کو سیکیورٹی کے لیے وزارت داخلہ کو درخواست دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

مزیدخبریں