ترک افواج نے شامی علاقے عفرین میں کرد باغیوں کو پسپا کرکے کنٹرول سنبھال لیا

06:20 PM, 19 Mar, 2018

دمشق: ترک افواج اور حامی ملیشیا گروہوں نے شامی علاقے عفرین میں کرد باغیوں کو پسپا کرتے ہوئے شہر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

واضح رہے کہ ترک فورسز گذشتہ 2 ماہ سے اس علاقے میں فوجی کارروائی میں مصروف تھیں۔ گزشتہ روز ترک افواج نے کامیاب پیش قدمی کرتے ہوئے شامی ڈسٹرکٹ عفرین کے وسطی شہر عفرین کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

ترک صدر نے عفرین شہر پر کنٹرول حاصل کرنے کی تصدیق کردی ہے۔ انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس دوران کرد جنگجو بڑے پیمانے پر ’’دم دبا کر بھاگ گئے‘‘ ہیں۔

ادھر کرد باغیوں نے عفرین کو ترک فورسز سے آزاد کروانے کا عزم کر دیا ہے۔ شامی کردوں نے کہا ہے کہ عفرین کی لڑائی کا ایک نیا باب شروع ہو گیا ہے۔ اب جنگجو براہ راست لڑائی کے بجائے گوریلا جنگ شروع کریں گے، گزشتہ 2 ماہ سے جاری اس لڑائی میں ترک افواج کو مقامی شامی ملیشیا گروہوں کا تعاون بھی حاصل تھا۔ عفرین کی اس لڑائی میں ڈھائی لاکھ شہری متاثر ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں