ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ سے جعلساز نے 4کروڑ روپے ہتھیا لیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے معروف کرکٹر اور سابق کپتان راہول ڈریوڈ نے تھانے میں شکایت درج کراتے ہوئے بتایا کہ وکرم انویسٹمنٹ میں بہتر منافع کی امید پر انہوں نے 20 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی مگرانہیں منافع تو دور اپنی اصل رقم بھی نہیں پوری مل سکی۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ جعلسازی کی گئی ہے ان کو ابھی تک 16 کروڑ روپے واپس کیے گئے ہیں اور اصل رقم سے بھی 4 کروڑ روپے باقی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:محمد حفیظ اور راہول ڈریوڈ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل
یہ انویسٹمنٹ انہوں نے منافع کی خاطر کی تھی جو کہ بنگلور کی ایک جعلی اسکیم نکلی۔واضح رہے کہ اس کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاری پر 40 فیصد منافع کا لالچ دیا گیا تھا۔ان کی یہ شکایت باناشنکری پولیس کو منتقل کردی گئی ہے جس کا کہنا ہے کہ وہ مجموعی طور پر 500 کروڑ روپے سے زائد کی اس فراڈ اسکیم کے حوالے سے تفتیش کررہے ہیں، ان کی جانب سے پہلے ہی اسکیم کے مالک رگھویندرا سری ناتھ کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ سری ناتھ پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے ایجنٹس سوترم سریش، نرسما مورتھی، کے سی ناگ راج اور پراہلیڈ کی مدد سے 800 لوگوں کو بیوقوف بنایا۔
یہ بھی پڑھیں:دیگر کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کی خاطر راہول ڈریورڈ نے بڑی رقم قربان کر دی
سریش بنگلور کا ایک اسپورٹس جرنلسٹ ہے جس نے اپنی پوزیشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے راہول ڈریوڈ کے ہمراہ بیڈمنٹن پلیئر سائنا نیہوال اور اسی کھیل کے سابق نیشنل پلیئر اور بالی ووڈ اداکارہ دپیکا کے والد پرکاش پڈکون کو اس جعلی اسکیم میں سرمایہ کاری پر راضی کیا۔ ان تمام افراد کو 14 روز کیلئے پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں