اوباڑو: صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل اوباڑو میں قرض کے بدلے ایک شخص نے اپنی 10 سالہ بیٹی کا نکاح 30 سالہ شخص سے کروا دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ گاؤں حسین بھٹو میں پیش آیا جہاں عطا محمد بھٹو نامی ایک شخص نے ایک سال قبل ایک بااثر شخص اللہ جڑیو سے 25 ہزار روپے کا قرض سود پر لیا تھا جو بڑھ کر ڈیڑھ لاکھ تک جا پہنچا۔
قرض ادا نہ کرنے پر عطا محمد نے اپنی 10 سالہ بیٹی کا نکاح اللہ جڑیو کے بیٹے سے کرا دیا تاہم رخصتی کے وقت بچی کی چیخ و پکار پر اہل علاقہ نے پولیس کو بلا لیا۔ ایس ایچ او امام دین چانڈیو کا کہنا ہے کہ بچی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جسے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: سعیدہ وارثی یہودی اخبار کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت گئیں
یاد رہے کہ اندرون سندھ کم عمر لڑکیوں کی بڑی عمر کے مردوں سے شادیوں کے واقعات اکثر و بیشتر سامنے آتے رہتے ہیں جن پر پولیس کی جانب سے کارروائی بھی کی جاتی ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ 10 مارچ کو بھی سندھ کے ضلع تھرپارکر میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک 13 سالہ دلہن بازیاب کروائی تھی جس کی شادی 60 سالہ شخص سے کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: راؤ انوار عدالت آ جائے گا تو بچ جائے گا، چیف جسٹس
پولیس کے مطابق واقعہ تھرپارکر کے گاؤں ڈھاکلو میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر پیسوں کے عوض اپنی 13 سالہ بیٹی کی شادی 60 سالہ شخص سے کر دی تھی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں