اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے نقیب اللہ محسود قتل از خود نوٹس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ راؤ انوار عدالت آجائے گا تو تحفظ مل جائے گا اور بچ جائے گا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے نقیب اللہ محسود قتل از خود نوٹس کی سماعت کی۔
چیف جسٹس نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ راؤ انوار کو ائیر پورٹ پر کس نے سہولت دی اور راؤ انوار کے سہولت کاروں کا پتا چلا تو ان کا احتساب بھی ہو گا۔ وہ عدالت آجائے گا تو تحفظ مل جائے گا اور بچ جائے گا۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بتایا کہ راؤ انوار کو نجی ائیر لائن کے بورڈنگ پاس جاری ہوئے۔
مزید پڑھیں: ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی
کراچی رجسٹری میں ہونے والی گزشتہ سماعت پر عدالت نے مفرور راؤ انوار کی گرفتاری کے لیے 2 دن کی مہلت دیتے ہوئے آئی جی سندھ کو آج رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
آئی جی سندھ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ملزم کے بیرون ملک فرار ہونے کے شواہد نہیں ملے اور آئندہ 2 سے تین روز میں پیش رفت ہو گی جس پر عدالت نے انہیں 2 روز کی مہلت دیتے ہوئے آج رپورٹ طلب کی تھی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: پاک فضائیہ نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کیا، سہیل امان
یاد رہے کہ رواں سال نقیب اللہ کو کراچی میں گرفتار کرنے کے بعد جعلی مقابلے میں 3 مزید افراد کے ساتھ ہلاک کیا گیا تھا۔ راؤ انوار نے دعویٰ کیا تھا کہ نقیب مطلوب دہشتگرد تھا تاہم تحقیقات سے ثابت ہوا کہ وہ بے گناہ تھا اور اسے گرفتار کرنے کے کئی روز بعد ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں