اسلام آباد: ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کے طور پر کمان سنبھال لی۔ وزارت دفاع کی جانب سے نئے ائیر چیف کی تقرری کیلئے چار ناموں کی سمری صدر مملکت ممنون حسین کو ارسال کی گئی تھی۔ صدر مملکت نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ایڈوائس پر ائیر مارشل مجاہد انور خان کو پاک فضائیہ کا نیا سربراہ نامزد کیا گیا ۔
پاک فضائیہ میں کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہیڈ کوارٹر میں ہوئی۔ سہیل امان نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کو کمان سونپی۔ اس موقع پر جے ایف 17 تھنڈر نے سبکدوش ہونے والے ائر چیف مارشل سہیل امان کو سلامی دی۔
ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان پاک فضائیہ کے 22ویں سربراہ ہیں۔وہ ائیر وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔
مزید پڑھیں: راؤ انوار کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ آج جمع کرائی جائے گی
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق مجاہد انور خان اس سے قبل ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں بطور ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف خدمات انجام دے رہے تھے۔
مجاہد انور خان نے پاکستان ائیر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں دسمبر 1983 میں کمیشن حاصل کیا۔ مجاہد انور خان نے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان سے اعزازی شمشیر، بہترین پائلٹ ٹرافی حاصل کی اور وہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل کے حق دار قرار پائے۔
وہ چیف آف دی ائیراسٹاف کے پرسنل اسٹاف آفیسر، اسسٹنٹ اور ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف (آپریشنز) سمیت ڈائریکٹر جنرل سی فور آئی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
مجاہد انور خان کو ہلال امتیاز (ملٹری)، ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہء امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: بیگم کلثوم نواز 10 گھنٹے زیرعلاج رہنے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج
سبکدوش ہونے والے ائیر مارشل سہیل امان نے گزشتہ ہفتے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود اور وزیر دفاع خرم دستگیر سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔ سہیل امان کو پاک فضائیہ کا سربراہ 18 مارچ 2015 کو مقرر کیا گیا تھا اور 18 مارچ 2018 کو ان کی مدت ملازمت مکمل ہو گئی اور وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں