لاہور : سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین نے جیل میں پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الہٰی سے ملاقات کی ہے۔کہتے ہیں پرویز الہٰی خاندان اور ق لیگ کا حصہ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت حسین کے ساتھ ان کے بیٹے وفاقی وزیر چودھری سالک حسین بھی موجود تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی نے کہا کہ ہمارے خاندان نے پہلے بھی مشکلات دیکھی ہیں۔ پرویز الہٰی کی طبعیت ٹھیک نہیں تھی اور پاؤں بھی سوجے ہوئے تھے۔
ق لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی ہمارے خاندان کا حصہ ہیں، اس لیے ملنے گیا تھا۔ صحافی نے چوہدری شجاعت سے سوال کیا کہ کیا پرویز الہٰی ق لیگ میں واپس آرہے ہیں؟ جس پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پرویز الہٰی ہماری پارٹی میں ہی ہیں۔
ان سے پھر سوال کیا گیا کہ پرویز الہٰی تو تحریک انصاف کے صدر ہیں؟ جس پر چوہدری شجاعت حسین مسکرادیے۔