خبردار ہوشیار! پاکستا ن میں بھی ہیٹ ویو کی لہر

06:09 PM, 19 Jun, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی:ملک کے بیشتر علاقوں میں رواں ہفتے کے دوران موسم شدید گرمی کے باعث  ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی  ہے کہ 20 سے 24 جون کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق فضا میں ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا۔اس دوران بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کے درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ہو سکتا ہے۔

اسی طرح سندھ ، جنوبی پنجاب اوربلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔رواں ہفتے کے دوران ملک کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے آنے والے دنوں میں بجلی اور پانی کی طلب میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر سورج کی روشنی میں گھومنے سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔خیال رہے کہ بھارت کی 2 ریاستوں میں حالیہ دنوں کے دوران ہیٹ ویو سے 100 کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ہیٹ ویو کے دوران ہیٹ سٹروک کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے جو جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے ۔

مزیدخبریں