آڈیو لیکس تحقیقات: سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی خصوصی کمیٹی میں طلبی کے خلاف کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی

 آڈیو لیکس تحقیقات: سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی خصوصی کمیٹی میں طلبی کے خلاف کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی
سورس: File

اسلام آباد:  سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک پر خصوصی کمیٹی میں طلبی کیخلاف کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔

 ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے  نجم ثاقب کی آڈیو لیک پر خصوصی کمیٹی میں طلبی کیخلاف کیس کی سماعت   کی۔ اٹارنی جنرل اور عدالتی معاون بیرسٹر اعتزاز احسن، درخواست گزار کے وکیل سردار لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس بابر ستار نے بیرسٹر اعتزاز احسن اور دیگر کو عدالتی معاون مقرر کر رکھا ہے جن میں میاں رضا ربانی، مخدوم علی خان اور بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا شامل ہیں۔ عدالت نے عدالتی معاونین سے آڈیو ریکارڈنگ کے معاملے پر معاونت طلب کر رکھی ہے۔

 اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔ اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ میں زیر بحث سوالات پر فیصلے کا انتظار کر لیا جائے۔ 

 فاضل جج نے اٹارنی جنرل کو چار ہفتوں میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل صاحب جواب کی کاپیاں فریقین کو بھی فراہم کریں۔

 عدالت نے سابق چیف جسٹس کے بیٹے کی خصوصی کمیٹی میں طلبی کے خلاف حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے مزید سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔

مصنف کے بارے میں