مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت جاری، ایک اور کشمیری نوجوان شہید

03:22 PM, 19 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے جس نے آج بھی نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ 
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑا میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کیا اور اس دوران گھر گھر تلاشی لینے کی آڑ میں خواتین اور بچوں تک کو ہراساں کیا گیا جبکہ نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک کشمیری نوجوان شہید ہو گیا اور شہید ہونے والے نوجوان کی لاش لواحقین کو دینے کے بجائے پولیس کے حوالے کردی گئی۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان کے لواحقین اپنے پیارے کی لاش کے حصول کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں جبکہ ایک نوجوان کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ 
واضح رہے کہ حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنانے کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جو اب تک 30 نوجوانوں کو شہید کر چکی ہے۔ 

مزیدخبریں